ملک کے تمام تعلیمی ادارے 26 نومبر سے بند کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک
0 0
Read Time:3 Minute, 55 Second

ملک بھر میں کورونا وائرس خاص طور پر تعلیمی اداروں میں کیسز کی شرح میں اضافے کو دیکھتے ہوئے حکومت نے ملک بھر کے تمام تعلیمی اداروں کو 26 نومبر سے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا تاہم اس دوران گھروں سے تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

اسلام آباد میں معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان اور وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس کی، جس میں فیصل سلطان نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7 فیصد سے زائد دیکھی گئی۔

اہم فیصلے

  • 26 نومبر سے 24 دسمبر تک تمام تعلیمی ادارے بند ہوں گے
  • اس ایک ماہ کے عرصے میں گھروں سے تعلیم کا سلسلہ جاری رہے گا
  • اساتذہ کو اسکولز بلانے کی اجازت ہوگی
  • آن لائن کی سہولت جہاں موجود نہیں وہاں اساتذہ ہوم ورک فراہم کریں گے
  • 25 دسمبر سے 10 جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی
  • 11 جنوری سے تعلیمی ادارے دوبارہ کھولنے سے قبل ایک جائزہ اجلاس ہوگا
  • جامعات کے ہاسٹلز میں ایک تہائی طلبہ رہ سکیں گے
  • دسمبر میں ہونے والے امتحانات کو وسط جنوری تک ملتوی ہوں گے
  • پی ایچ ڈی طلبہ کو جامعات بلاسکیں گی

اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بتایا کہ آج ہونے والے بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں فیصلے کیے گئے کہ 26 نومبر سے ملک کے تمام تعلیمی ادارے اسکولز، کالجز، یونیورسٹیز، ٹیوشن سینٹرز بند کردیے جائیں گے تعلیمی اداروں میں طلبہ نہیں آئیں گے اور وہ گھروں سے تعلیم جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں تعلیمی سلسلہ آن لائن ہے وہاں آن لائن جبکہ جہاں یہ سہولت نہیں ہے وہاں اساتذہ ہوم ورک فراہم کریں گے اور اس سلسلے میں صوبائی حکومتیں فیصلہ کریں گی۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام حکومتوں کی جانب سے یہ کوشش کی جائے گی کہ گھروں میں تعلیم کا سلسلہ جاری رہے لیکن طلبہ کی اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیز کے اندر کوئی کلاسز نہیں ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ 26 نومبر سے 24 دسمبر تک گھروں سے پڑھائی کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ 25 دسمبر سے 10 جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی اور اس دوران تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ 11 جنوری کو حالات کی بہتری پر تمام تعلیمی ادارے دوبارہ کھول دیے جائیں گے تاہم جنوری کے پہلے ہفتے میں ایک جائزہ اجلاس ہوگا۔

امتحانات سے متعلق انہوں نے بتایا کہ دسمبر کے دوران ہونے والے امتحانات کو ملتوی کردیا گیا اور اب یہ 15 جنوری اور اس کے بعد ہوں گے، تاہم اس میں کچھ ایسے امتحانات ہیں جو جاری رہیں گے۔

اس حوالے سے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ کچھ انٹرنس امتحانات جیسے ایم ڈی کیٹ وغیرہ جو انٹری کے لیے ہیں وہ معمول کے مطابق جاری رہیں گے کیونکہ ان کا ایس او پیز اور ماسک کے ساتھ انتظام کرنا ممکن ہے اور اسے احتیاط کے ساتھ منعقد کیا جاسکتا ہے۔

انہیں کی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے شفقت محمود کا کہنا تھا کہ اساتذہ یا کسی اور بھرتیوں کے سلسلے میں ہونے والے امتحانات جاری رہیں گے لیکن طلبہ کے دسمبر میں ہونے والے امتحانات کو جنوری کے وسط تک ملتوی کردیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم نے بتایا کہ ہائر ایجوکیشن یونیورسٹیز فوری طور پر آن لائن تعلیم شروع کردیں گی جبکہ جامعات کے ہاسٹلز میں طلبہ کا ایک تہائی حصہ رہے گا، جس میں وہ طلبہ ہوں گے جو بیرون ملک سے آئے ہوئے یا جہاں انٹرنیٹ کی سہولیات میسر نہیں ہیں۔

اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ پی ایچ ڈی طلبہ یا جنہیں لیب کا کام کرنا ہے تو انہیں یونیورسٹی بلانے سے متعلق جامعہ خود فیصلہ کریں گی۔

اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ وہ ہنرمند ادارے جہاں ریگولر کلاسز کا طریقہ کار موجود نہیں ہے وہاں تعلیمی سلسلہ جاری رہے گا۔

شفقت محمود نے کہا کہ جب تک گھروں سے پڑھائی کا سلسلہ جاری رہے گا تب تک اسکولز اساتذہ کو ضرورت کے مطابق بلانے کا فیصلہ کریں گے تاہم طلبہ کا وہاں داخلہ منع ہوگا۔

اجلاس میں کیے گئے مزید فیصلوں سے متعلق انہوں نے بتایا کہ ہماری سفارش ہے کہ مارچ اور اپریل میں ہونے والے بورڈ امتحانات کو مئی اور جون میں لے جایا جائے تاکہ طلبہ کو اپنا کورس ورک مکمل کرنے کا وقت مل جائے، اس کے علاوہ سرکاری اسکولوں میں تعلیمی سال کا آغاز اپریل کے بجائے اگست میں کیا جائے، اس سلسلے میں گرمیوں یا مارچ کی چھٹیاں کم کردی جائیں۔

انہوں نے بتایا کہ تمام معاملات کا جائزہ لیا جاتا رہے گا اور جنوری کے وسط میں تعلیم کا سلسلہ باقاعدہ طور پر دوبارہ شروع ہوجائے گا۔

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %

Average Rating

5 Star
0%
4 Star
0%
3 Star
0%
2 Star
0%
1 Star
0%

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

ضرورت مند ممالک کو کورونا ویکسین فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں، روس

روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا ہے کہ ماسکو ضرورت مند ممالک کو اپنی کورونا وائرس ویکسین ‘اسپوٹنک وی’ فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقد ہونے والے ‘جی 20’ ممالک کے […]
russ-wSD