نیب نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کو گرفتار کرلیا

ویب ڈیسک
0 0
Read Time:3 Minute, 38 Second

قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کو آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق کیس میں گرفتار کرلیا۔

مذکورہ پیش رفت سے متعلق مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے تصدیق کی۔

انہوں نے بتایا کہ نیب نے خواجہ آصف کو گھر سے گرفتار کیا۔

اس ضمن میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے بتایا کہ خواجہ آصف کو نیب نے اسلام آباد میں احسن اقبال کے گھر میں مسلم لیگ (ن) کے اجلاس کے بعد گرفتار کیا۔

واضح رہے کہ خواجہ آصف کی گرفتاری سے محض کچھ دیر پہلے ہی مسلم لیگ (ن) کا مشاورتی اجلاس جاری تھا جس میں تبادلہ خیال ہو رہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) سینیٹ کے انتخابات میں حصہ لے گی یا نہیں۔

آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں خواجہ آصف کی جانب سے پیش کردہ جوابات نیب لاہور کو مطمئن نہیں کرسکے، جس کے بعد نیب کی ٹیم اسلام آباد پہنچی اور سابق وزیر دفاع کو گرفتار کیا۔

نیب ذرائع نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) رہنما کو راولپنڈی نیب کے حوالات میں رکھا گیا ہے اور انہیں آج رات یا کل لاہور منتقل کردیا جائے گا۔

خیال رہے کہ نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں خواجہ آصف کے وارنٹ گرفتاری سے متعلق کوئی تذکرہ نہیں تھا۔

جے یو آئی (ف) کی مذمت

دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام (ف) نے خواجہ آصف کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔

جے یو آئی (ف) کے ترجمان اسلم غوری نے ٹوئٹ میں کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب اپوزیشن فیصلہ کن تحریک کی تیاری میں ہے ایسے ہتھکنڈے حکومتی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب انتقامی کارروائی کے لیے ڈکٹیٹر کا بنایا ہوا ادارہ ہے۔

اسلم غوری نے کہا کہ اپوزیشن کی آواز کو دبانے کے لیے قیادت کو پے درپے انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ نیب لاہور نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے قریبی ساتھی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے ان کے خلاف سیالکوٹ میں ’غیر قانونی طور پر‘ رہائشی منصوبہ شروع کرنے کے خلاف تحقیقات میں رواں سال 26 جون کو طلب کیا تھا۔

نیب نے خواجہ آصف کو ٹھوکر نیاز بیگ ہیڈ کوارٹر میں کمبائنڈ انویسٹیگیشن ٹیم (سی آئی ٹی) کے سامنے کینٹ ویو ہاؤسنگ سوسائٹی سیالکوٹ کے امور سے متعلق ریکارڈ کے ہمراہ پیش ہونے کی ہدایت کی تھی۔

رہنما مسلم لیگ (ن) کو جاری کیے گئے نوٹس میں نیب نے کہا تھا کہ ’اکٹھے کیے گئے شواہد سے بادی النظر یہ بات سامنے آئی ہے کہ آپ (خواجہ آصف) نے کینٹ ویو ہاؤسنگ سوسائٹی سیالکوٹ کے نام سے رہائشی منصوبہ قائم کیا جو غیر قانونی طور پر چلایا جارہا تھا‘۔

نوٹس میں مزید کہا گیا تھا کہ ’آپ سے درج ذیل باتوں پر جواب درکار ہے: منصوبے میں آپ، آپ کے اہل خانہ (اہلیہ اور بیٹے) اور دیگر شراکت داروں یا رشتہ داروں کی جانب سے سرمایہ کاری کیے گئے فنڈز کی مقامی مقدار اور ذرائع کیا تھے۔

نیب، قومی احتساب آرڈیننس کی دفعہ 18 (سی) کے تحت کینٹ ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالکان، ڈویلپرز کے علاوہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ گوجرانوالہ کے سابق ڈائریکٹر شیخ فرید، اے سی ای اے ڈی ای قاسم کے خلاف بھی تحقیقات کررہا ہے۔

نیب کے نوٹس کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے ڈان کو بتایا کہ ’میں اس سلسلے میں اپنا جواب نیب کو جمع کروادوں گا اور اس معاملے پر میڈیا پر بات نہیں کروں گا‘۔

قبل ازیں نیب نے سیالکوٹ سے ہی تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عثمان ڈار کی شکایت پر خواجہ آصف کے خلاف منی لانڈرنگ کے الزامات پر تحقیقات کی تھیں۔

عثمان ڈار نے خواجہ آصف پر الیکشن کمیشن سے آف شور اثاثے چھپانے کا الزام لگایا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ رہنما مسلم لیگ (ن) ابوظہبی میں موجود کمپنی سے 16 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ حاصل کررہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق نیب عدم شواہد کی بنا پر خواجہ آصف کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات بند کرچکا ہے۔

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %

Average Rating

5 Star
0%
4 Star
0%
3 Star
0%
2 Star
0%
1 Star
0%

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

او لیول امتحانات 15 مئی کے بجائے 10 مئی کو شروع ہوں گے، وزیرتعلیم

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ او لیول کے امتحانات 15 مئی سے شروع ہونے تھے لیکن اب 10 مئی سے آغاز ہوگا۔ شفقت محمود نے کہا کہ کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن نے ہمیں تحریری درخواست کی تھی کہ او لیول اور آئی جی سی ایس ای […]
wsd