پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) کا کل رہبر کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کا اعلان

ویب ڈیسک

پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے کل رہبر کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کا اعلان کیا ہے اور رہبر کمیٹی کے بعد آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔

0 0
Read Time:4 Minute, 13 Second

پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے کل رہبر کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کا اعلان کیا ہے اور رہبر کمیٹی کے بعد آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔

مسلم لیگ کے صدر شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سید نوید قمر، فرحت اللہ بابر پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ ن کے احسن اقبال، مفتاح اسماعیل، مریم اورنگزیب بھی ملاقات میں موجود تھے۔

ملاقات کے بعد بلاول ہاؤس کراچی میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نوید قمر نے شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کے صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے رفقا کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو مشکل وقت میں ہمارے زخموں پر مرہم رکھنے کے لیے کراچی تشریف لائے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ مسلم لیگ کا ناصرف پیپلز پارٹی بلکہ سندھ کے لوگوں کے لیے مثبت قدم ہے کیونکہ یہ ایک ایسا موقع ہے کہ ایک دوسرے پر نکتہ چینی اور نیچا دکھانے کے بجائے پورے ملک کو لوگوں کی تکالیف کو سامنے رکھ کر اس کا حل نکالنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

نوید قمر نے کہا کہ ان کا یہاں آنا یہ پیغام دیتا ہے کہ جب ہم چاہتے ہیں تو تمام جماعتیں یہاں کے لوگوں کے لیے اکٹھی ہو جاتی ہیں اور بدقسمتی سے اب صرف سندھ نہیں بلکہ اور صوبوں میں بھی سیلاب اور بارشوں کا مسئلہ شروع ہو رہا ہے اور اس کے لیے ہماری مشترکہ منصوبہ بندی ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی یہ ہے کہ اس اقدام کا اعلان وزیر اعظم کو کرنا چاہیے تھا اور ناصرف وفاقی بلکہ صوبائی حکومتوں کو بٹھا کر اس معاملے پر بات کرنی چاہیے تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں رہبر کمیٹی اس کا اجلاس بھی کل ہو رہا ہے جس میں تفصیلات آئیں گی لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس کی بھی تاریخ آ جائے اور کل والی میٹنگ میں اس کی بھی تاریخ دی جائے گی۔

پریس کانفرنس سے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیامت خیز بارش اور سیلاب کے نتیجے میں کراچی کے عوام اور سندھ میں عمر کوٹ اور دیگر اضلاع میں جو تباہی ہوئی ہے تو ہم نے سوچا کہ اس سلسلے میں اظہار یکجہتی کریں۔

انہوں نے کہا کہ آج شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تجویز پیش کی کہ ان تباہ کاریوں کے نتیجے میں ضروری ہے کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر ایک خطیر امدادی پیکج کا اعلان کرے تاکہ جن لوگوں کا نقصان ہوا ہے وہ دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑے ہو سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح زرعی شعبے میں کسانوں اور فصلوں کا جو نقصان ہوا ہے ان کو بھی نقصان کا معاوضہ دینے کے لیے وفاق صوبائی حکومت کی مدد کرے تاکہ ایسا امدادی پیکج ہو جو غریب کسانوں کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کر سکے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ ہم حکومت سندھ، سندھ اور کراچی کے عوام کو یہ یقین دلانے آئے ہیں کہ پورا ملک ان کے اس دکھ میں ان کی اس تکلیف میں شریک ہے اور ہم قومی سطح پر یہاں کی تعمیرنو کی کوششوں کو تیز کرنے کے لیے اپنی آواز بھرپور طریقے سے اٹھائیں گے۔

احسن اقبال نے بتایا کہ آج کی ملاقات میں موجودہ اپوزیشن جماعتوں کے درمیان ملکی حالات پر معمول کی مشاورت بھی ہوئی اور دونوں جماعتوں نے فیصلہ کیا ہے کہ کل رہبر کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش سیاسی، معاشی اور گورننس کے چیلنجز کا جواب یہی ہے کہ ہم اپوزیشن کے اشتراک عمل کو زیادہ سے زیادہ مضبوط کریں اور اس حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے تمام جمہوری اور آئینی آپشنز کو بروئے کار لائیں جن سے ملک اس نقصان، تباہی اور آزمائش سے نکل سکے جو اس حکومت کی ناتجربہ کاری، نااہلی اور ناکامی سے پوری قوم کے لیے ایک عذاب بن چکی ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ ملکی سیاست پراگندہ کی جا رہی ہے، ملک میں انتشار کو فروغ دیا جا رہا ہے اور ملک کی خارجہ پالیسی بھی اس مقام پر پہنچا دی گئی ہے کہ آج کشمیر کجے عوام پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں اور ایک سال گزرنے کے باوجود ہماری حکومت کو سمجھ نہیں آ رہی کہ کرنا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سب ہمارے نردیک انتہائی اہم مسائل ہیں اور ہم اپوزیشن جماعتوں کے پلیٹ فارم سے اصولی طور پر متفق ہیں کہ رہبر کمیٹی کے بعد آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا اور رہبر کمیٹی اس کی تفصیلات طے کرے گی جس کے نتیجے میں ملکی اپوزیشن جماعتیں مل کر مستقبل کے لائحہ عمل کا فیصلہ کریں گی۔

Happy
Happy
0 %
Sad
Sad
0 %
Excited
Excited
0 %
Sleepy
Sleepy
0 %
Angry
Angry
0 %
Surprise
Surprise
0 %

Average Rating

5 Star
0%
4 Star
0%
3 Star
0%
2 Star
0%
1 Star
0%

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Next Post

'حلیمہ سلطان' کا لباس پر تنقید کرنے والوں کو جواب

ترک ڈرامے ارطغرل غازی میں حلیمہ سلطان کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ اسرا بیلگیج نے گزشتہ چند مہینوں سے لباس پر تنقید کرنے والوں کو جواب دے دیا۔
Esra-Bilgiç-Aka-Halima-Sultan-wSD